نئی دہلی ،26مئی(ایس ا ونیوز/آئی این ایس انڈیا)کافی وقت سے ٹیم انڈیا سے باہر چل رہے اسپنر ہربھجن سنگھ کاصبر آخر کارجواب دے گیا۔ ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو میں ہربھجن سنگھ نے بی سی سی آئی سلیکشن کمیٹی پر سوال اٹھائے ہیں۔ چمپئنز ٹرافی میں انتخاب نہیں ہونے پر ہربھجن سنگھ نے سلیکشن کمیٹی پر دوہرا رویہ اپنانے کا الزام لگایا ہے۔ ہربھجن نے کہا ہے کہ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی گزشتہ کئی میچوں سے فارم میں نہیں ہے لیکن ان کو منتخب کیا جاتا ہے؟ یہی نہیں ہربھجن سنگھ نے آئی پی ایل 10 کے فائنل میں حتمی الیون میں شامل نہیں ہونے پر ممبئی انڈینس کے کپتان روہت شرما کو بھی سوالوں کے گھیرے میں کھڑاکیا۔
ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی پر نشانہ لگاتے ہوئے ہربھجن سنگھ نے کہاکہ مہندر سنگھ دھونی نے اپنی بلے بازی کے علاوہ ٹیم کو بہت کچھ دیا ہے، یہاں تک کہ اگر وہ فارم میں نہ ہوں ویسی بیٹنگ نہ کر پا رہے ہوں لیکن ان کے تئیں سلیکٹر مختلف رویہ رکھتے ہیں دوسرے کے لئے مختلف،ہم بھی 19 سالوں سے کھیل رہے ہیں اور ہندوستان کے لئے ہار جیت دیکھ چکے ہیں، میں نے بھی دو ورلڈ کپ جیتے ہیں تو ایسی توجہ صرف چند کھلاڑیوں کے لئے ہیں اور دوسروں کے لئے نہیں۔ ہربھجن نے کہا میرا سوال ہے کیوں اور یہ سلیکٹرز سے پوچھا جانا چاہئے، میں اپنی تعریف خود نہیں کرنا چاہتا لیکن جتنا کرکٹ ان لوگوں نے کھیلا ہے میں بھی اتنا ہی کھیل سمجھتا ہوں اور میں بھی ان کی طرح اپنے تجربات دے سکتا ہوں، ہم بھی اپنے ملک کے لئے اسی طرح کھیلنا چاہتے ہیں۔
اوپنر بلے باز گوتم گمبھیر کے کو لے کر ہربھجن کا خیال ہے کہ آئی پی ایل میں گمبھیر نے بلے سے جس طرح کا مظاہرہ کیا اسے دیکھ کر ایسا لگا کہ اسے چیمپئنز ٹرافی کی ٹیم میں جگہ مل سکتی ہے لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ انہوں نے کہا کہ گمبھیر مسلسل گھریلو سیشن میں رن بنا رہے ہیں، لیکن انہیں بھی موقع نہیں دیا جا رہا ہے، اگر میری بات کریں تو میں جانتا تھا کہ اگر اشون فٹ نہیں ہوئے تو میرے نام پر غور کر سکتے ہیں لیکن انہیں آئی پی ایل کے دوران آرام دیا گیا اور وہ کھیلے تک نہیں، میں نے اس میں اچھی کارکردگی کی،یہاں تو میرے نام پر غور تک نہیں کیا گیا۔